ملکۂ برطانیہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد سے ہی دنیا بھر سے بڑی تعداد میں لوگ ان کی زندگی کے ان دیکھے پہلوؤں کے بارے میں جاننے کی کوشش کر رہے ہیں، بہت کم لوگ جانتے ہوں گے کہ ملکہ کی حسِ مزاح کمال کی تھی۔
ڈیوک آف سسیکس شہزادہ ہیری نے ایک انٹرویو میں اپنی دادی کی حسِ مزاح کو ان کی سب سے بڑی خوبی قرار دیا تھا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق ملکہ کے سابقہ شاہی سیکیورٹی آفیسر نے بتایا کہ ایک بار ملکہ نے اسکاٹ لینڈ کے شہر ایبرڈین شائر کے ساحل کا تفریحی مقصد سے رخ کیا۔
اسی دوران ان کی ملاقات امریکا سے چھٹیاں گزارنے کے لیے وہاں آئے ہوئے 2 سیاحوں سے ہوئی، جنہوں نے ملکہ کو نہیں پہچانا تھا۔
شاہی سیکیورٹی آفیسر نے بتایا کہ رسمی سلام دعا کے بعد سیاحوں نے اپنے حوالے سے تفصیلات ملکہ کو بتائیں کہ وہ کہاں سے آئے ہیں اور کہاں کہاں جائیں گے، پھر انہوں نے ملکہ سے سوال کیا کہ وہ کہاں رہتی ہیں؟
ملکہ نے جواب میں کہا کہ میں لندن میں رہتی ہوں لیکن ابھی چھٹیاں گزارنے کے لیے یہاں آئی ہوں، فی الحال سامنے والی پہاڑی کے دوسری طرف رہتی ہوں۔
شاہی سیکیورٹی آفیسر نے کہا کہ پھر ان سیاحوں میں سے ایک نے پوچھا کہ کیا آپ یہاں اکثر آتی رہتی ہیں؟
جس پر ملکہ نے کہا کہ ہاں بچپن سے یہاں آتے ہوئے تقریباً 80 سال ہو گئے ہیں۔
پھر سیاح نے تجسس کے انداز میں ملکہ سے دریافت کیا کہ اگر آپ 80 سال سے یہاں آ رہی ہیں تو آپ کی ملکہ سے تو ضرور ملاقات ہوئی ہوگی؟
شاہی سیکیورٹی آفیسر نے بتایا کہ ملکہ نے فوراً جواب دیتے ہوئے کہا کہ نہیں میری کبھی ملاقات نہیں ہوئی، پھر انہوں نے میری طرف اشارہ کر کے بتایا کہ ان کی اکثر ملاقات ہوتی رہتی ہے۔
دونوں سیاحوں نے غیر یقینی کا اظہار کرتے ہوئے پوچھا کہ ملکہ کو کیا پسند ہے؟
جس پر پھر میں نے کہا کہ ملکہ کبھی کبھی بہت غصہ کرتی ہیں لیکن ان کی حسِ مزاح کمال کی ہے۔
شاہی سیکیورٹی آفیسر نے مزید بتایا کہ اس وقت تک ان سیاحوں کو یہ اندازہ نہیں ہوا تھا کہ وہ ملکہ کے سامنے ہی کھڑے ہیں۔
پھر وہ سیاح میرا جواب سن کر بہت حیران ہوئے اور ان میں سے ایک سیاح نے میرے کاندھے پر ہاتھ رکھا اور ملکہ سے درخواست کی کہ اگر آپ بُرا نہ مانے تو ہماری ایک تصویر کھینچ دیں۔
شاہی سیکیورٹی آفیسر نے بتایا کہ ملکہ نے ہماری تصویر لی، بعد ازاں سیاحوں نے ملکہ کے ساتھ بھی تصویر بنوائی۔
سیاحوں سے اس ملاقات کے بعد ملکہ نے خواہش ظاہر کی کہ جب یہ سیاح اپنے امریکی دوستوں کو ہماری تصویر دکھائیں اور وہ انہیں بتائیں کہ میں کون ہوں تو اس وقت میں وہاں مکھی کی طرح رہنا چاہتی ہوں تاکہ یہ منظر دیکھ سکوں۔
Comments are closed.