کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں احتجاج کے دوران بس ٹرمینل پر حملہ آور ملزمان نے ڈیوٹی پر موجود ایک پولیس افسر سے سرکاری اسلحہ، گولیاں اور موبائل فون چھین لیا۔
پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ تھانے میں تعینات پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر تراب شاہ سپر ہائی وے پر بس ٹرمینل میں ڈیوٹی پر تعینات تھے کہ احتجاج کرنے والے ملزمان نے دیگر املاک کی طرح سہراب گوٹھ بس ٹرمینل پر بھی حملہ کیا اس دوران پولیس نے ملزمان پر لاٹھی چارج کیا۔
بھگدڑ اور ہاتھا پائی کے دوران ملزمان نے اے ایس آئی تراب شاہ کا سرکاری نائن ایم ایم پستول، اس کی 600 گولیاں اور وہاں موجود سب مشین گن کی ساڑھے سات سو گولیاں اور موبائل فون چھین لیا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس افسر کے چھینے ہوئے ہتھیار سے بھی فائرنگ کی، ذرائع کے مطابق ملزمان نے موٹر وے ایم نائن، سپر ہائی وے اور سروس روڈ پر کاروں، موٹرسائیکلوں اور دیگر گاڑیوں میں سوار اور پیدل افراد سے بھی لوٹ مار کی۔
اس سلسلے میں مقدمات درج کرلئے گئے ہیں، ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض کے مطابق اسلحہ چھیننے والے ملزم کو شناخت کرلیا گیا ہے جس کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔
Comments are closed.