سندھ کے شہر نواب شاہ کی تحصیل سکرنڈ میں نامعلوم افراد 4 سالہ بچے کی لاش بخاری محلے میں گھر کے باہر پھینک کر فرار ہو گئے، ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
پولیس کے مطابق 4 سالہ بچہ سراج احمد 2 روز قبل گھر سے چیز لینے نکلا تھا اور واپس نہیں آیا۔
رات گئے پولیس کو اطلاع دی گئی کہ بچے کی لاش بخاری محلے میں اس کے گھر کے باہر موجود ہے۔
پولیس نے 4 سالہ بچے سراج کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال سکرنڈ منتقل کر دی ہے۔
بچے کے والد اللّٰہ داد ملاح نے میڈیا کو بتایا کہ اس کا اکلوتا بیٹا سراج احمد 2 روز قبل گھر سے چیز لینے نکلا اور واپس نہیں آیا، ہم اسے ڈھونڈ رہے تھے کہ آج گھر کے باہر لاش ملی۔
انہوں نے کہا کہ ہماری کسی سے دشمنی نہیں، ظالموں نے رمضان المبارک میں ظلم کر دیا اور میرا اکلوتا بیٹا بے دردی سے قتل کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کو اطلاع کی تھی اور بچے کی تلاش جاری تھی تاہم آج اس کی لاش ملی ہے۔
ادھر ایس ایس پی تنویر حسین تنیو کے مطابق بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال سکرنڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جلد ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔
Comments are closed.