پاکستان اور جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 2 اپریل کو سینچورین میں کھیلا جائے گا۔
سپر اسپورٹس پارک سینچورین پر اعداد و شمار کی بات کریں تو 20 ہزار نشستوں والا اسٹیڈیم ماضی میں 54 بین الاقوامی ون ڈے میچوں کی میزبانی کرچکا ہے۔
سینچورین میں پہلا ون ڈے 11دسمبر 1992ء کو میزبان جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا تھا، جو بھارت نے 4 وکٹ سے جیتا تھا۔
سینچورین پر جنوبی افریقا نے اب تک 40 ون ڈے کھیلے ہیں، 26 جیتے، 13ہارے جبکہ پاکستان نے سینچورین پر 10ون ڈے کھیلے 4 جیتے، 6 ہارے ہیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان آخری ون ڈے سینچورین پر 25 جنوری 2019ء کو کھیلا گیا تھا، امام الحق کی سنچری کے ساتھ پہلے کھیلتے ہوئے، پاکستان نے 6 وکٹ پر 317 رنز بنائے تھے، بارش سے متاثرہ میچ میں جنوبی افریقا ڈک ورتھ لوئیس قانون کے مطابق 13رنز سے میچ جیت گیا تھا۔
4 فروری 2007ء کو سینچورین میں جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کے خلاف 6 وکٹ پر 392 رنز بنائے تھے، جو سینچورین پر کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا اسکور بھی ہے۔
سینچورین پر 18بار تین سو سے زائد رنز بنے ہیں، دو بار پاکستان نے سینچورین پر 300 رنز بنائے۔
سپر اسپورٹس پارک پر پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم 22 اور بعد میں بیٹنگ کرنے والی ٹیم 30 بار جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔
سینچورین پر ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز جنوبی افریقا کے ہاشم آملہ نے بنائے ہیں، 15 میچوں میں دائیں ہاتھ کے بیٹس مین نے 64 اعشاریہ57 کی اوسط سے 904 رنز 5 سنچریوں کی مدد سے اسکور کئے۔
شعیب ملک پاکستان کی جانب سے 5 میچوں میں 91 اعشاریہ صفر کی اوسط سے 273 رنز بناکر اس گراؤنڈ پر سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔
بولنگ کی بات کریں تو جنوبی افریقا کے شان پولاک نے 16 میچوں میں سب سے زیادہ 32 وکٹیں لے رکھی ہیں جبکہ پاکستان کے سعید اجمل نے 4 میچوں میں 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے۔
Comments are closed.