سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گجر نالہ سمیت دیگر نالہ متاثرین کی بحالی کے کیس پر عدالت نے آج کی سماعت کا حکم نامہ جاری کردیا۔
سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ متاثرین اپنے 90، 90 ہزار روپے کے چیکس ایک ماہ میں متعلقہ حکام سے حاصل کریں، متاثرین ڈپٹی کمشنر جنوبی کے دفتر سے اپنے چیکس حاصل کریں۔
عدالت نے کہا اگر متاثرین کو کوئی شکایت ہو تو ایڈیشنل کمشنر ٹو سے رجوع کرسکتے ہیں، چیکس کی تقسیم کے معاملات کی سربراہی کمشنر کراچی کریں، ڈپٹی کمشنر جنوبی متاثرین کو چیکس کی بروقت تقسیم کو یقینی بنائیں۔
عدالت کا کہنا تھا کہ متاثرین کی بحالی سے متعلق وزیر سمیت دیگر افسران نے دو تجاویز دیں، تجویز دی گئی کہ 6 ہزار 932 متاثرین کو زمین خریدنے کیلئے رقم دی جائے۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ دوسری تجویز دی گئی کہ 80 گز کا پلاٹ اور تعمیرات کیلئے پیسے ادا کیے جائیں۔
عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت دی کہ متاثرین سے مشاورت کرکے آئندہ سماعت پر عدالت کو بتائیں۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ متاثرین کو چیکس کی تقسیم سے متعلق سندھ حکومت پبلک نوٹس شائع کرائے، وزیراعلیٰ سندھ نے یقین دلایا کہ متاثرین کو کرایہ جاری کرنے سے متعلق احکامات دیں گے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ درخواست گزار کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست زیر التواء رہے گی۔
عدالت نے چیکس کی تقسیم سے متعلق عبوری رپورٹ 11 ستمبر تک طلب کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کردی۔
Comments are closed.