بدھ 24؍ربیع الاول 1445ھ11؍اکتوبر 2023ء

سپریم کورٹ ایکٹ پر محفوظ فیصلہ کچھ دیرمیں سنایا جائے گا

عدالتی عملے کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کا فیصلہ کچھ دیر میں سنایا جائے گا۔

 سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس کی سماعت مکمل ہوگئی ہے، سماعت مکمل ہونے کے بعد چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے کہا کہ اگر آج اتفاق رائے نہیں ہوتا تو فیصلہ محفوظ سمجھیں جو بعد میں سنایا جائے گا اور اگر ججوں میں اتفاق رائے ہوگیا تو فیصلہ آج ہی سنا دیں گے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان میں پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے خلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں فل کورٹ نے سماعت کی۔

جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس امین الدین خان، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس اطہر من اللّٰہ، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس مسرت ہلالی فل کورٹ میں شامل ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا ہے کہ ہم میں سے کسی نے کسی کی دل آزاری کی ہو تو معذرت خواہ ہیں، روانی میں بہت کچھ ہو جاتا ہے، آپس میں مشاورت کریں گے، اتفاقِ رائے ہوا تو آج ہی فیصلہ سنائیں گے، آج اتفاقِ رائے نہیں ہوتا تو فیصلہ محفوظ سمجھیں بعد میں سنایا جائے گا۔

پریکٹس اینڈ پروسیجر کیس کی سماعت میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جیواور جینے دو، پارلیمان ہماری دشمن نہیں، ہم ایک دوسرے کے ادارے کو منفی سوچ سے کیوں دیکھتے ہیں۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ایک جابر نے آئین میں ترمیم کردی تو کوئی نہیں بولا، پارلیمنٹ نے قانون سازی کردی تو سوالات ہو رہے ہیں، ہم آئینی ادارے پارلیمنٹ میں مین میخ نکال رہے ہیں، پارلیمنٹ چاہتی تو ایک قدم آ گے جا سکتی تھی، پارلیمنٹ نےعدالت پر اعتماد کیا کہ ہم اپنے معاملات کیسے چلائیں، پارلیمنٹ نےاس قانون سے سپریم کورٹ کی عزت رکھی، ماضی قریب میں سپریم کورٹ نے اختیار سماعت بڑھایا نہیں بلکہ تخلیق کیا، کیا بطور سپریم کورٹ ہم ایسا کر سکتے ہیں جس کا اختیار نہیں تھا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ اٹارنی جنرل کیا آپ اس لیے ہمیں ہمارے بارے میں نہیں بتائیں گے کیونکہ آپ کو روز سپریم کورٹ آنا پڑتا ہے، یہاں سپریم کورٹ کو مزید اختیار دیا جا رہا ہے اگر نہیں پسند آرہا تو کالعدم قرار دے دیجیے گا۔

سپریم کورٹ کے فل کورٹ میں دوران سماعت جسٹس منیب اختر نے کہا  کہ پارلیمنٹ نے فل کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر عدلیہ کی آزادی کو متاثر کیا ہے، مسئلہ یہ ہے فل کورٹ میں عوامی اہمیت کا کتنا ہی بڑا کیس کیوں نا ہو اس کے خلاف اپیل نہیں ہو سکے گی۔

اٹارنی جنرل نے کہا کہ اگر کوئی اس فل کورٹ میں توہین عدالت کرتا تو اس کی اپیل کہاں جاتی؟

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ یہ جواب دے دیں قانون کہہ رہا ہے اپیل ان کیسز میں اور اتنے ججز کے فیصلے کے خلاف ہوگی، اٹارنی جنرل بولے کہ ایکٹ کہتا ہے اپیل آرٹیکل 184 تھری کے کیسز میں ہوگی۔

 چیف جسٹس نے کہا تسلیم کرتے ہیں ان کی غلطی تھی کہ فل کورٹ بنایا، لیکن کیس سننے والے ان کے ساتھی بھی برابر کے قصوروار ہیں، کسی ساتھی نے فل کورٹ بنانے کی مخالفت نہیں کی تو وہ سمجھے کسی کو اعتراض نہیں ہے، 8 رکنی بینچ بنانے پر بھی کسی نے اعتراض نہیں کیا تھا، مفروضوں سے نکلیں اور دلائل مکمل ہونے دیں۔

جسٹس منیب اختر نے کہا کہ یہ مفروضہ نہیں ہے، ان کا سوال مستقبل کی حقیقت پر ہے، اسے مفروضہ کہنا نان سینس ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.