بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سو سالہ اسرائیل کی کراچی میں ویکسینیشن

سو سالہ اسرائیل احمد مینائی شاید پاکستان کے معمر ترین فرد ہوں گے جنہوں نے گزشتہ روز کراچی میں کورونا ویکسین لگوا کر معمر افراد کو یہ پیغام دیا ہے کہ ابھی جینے کے لیے ایک عمر پڑی ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے حکام کے مطابق گزشتہ روز آغا خان کے ایڈَلٹ ویکسینیشن سینٹر میں وہیل چیئر پر لائے جانے والے اسرائیل احمد مینائی کا دعویٰ تھا کہ ان کی عمر سو سال ہے، جب ان کا شناختی کارڈ لے کر ان کی تاریخ پیدائش چیک کی گئی تو معلوم ہوا کہ وہ اپنی زندگی کی سو بہاریں دیکھ چکے ہیں۔

آغا خان کے ایڈَلٹ ویکسینیشن سینٹر کے اسٹاف کے مطابق اسرائیل احمد مینائی کہیں سے سو سال کی عمر کے فرد نہیں لگتے تھے، ان کا اندازہ تھا اسرائیل احمد مینائی کی عمر زیادہ سے زیادہ ستر پچھتر سال کے لگ بھگ ہوگی۔

حکام کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشی اسرائیل احمد مینائی کے بلڈ پریشر شوگر اور دیگر ٹیسٹ کیے گئے اور پوری طرح مطمئن ہونے کے بعد ان کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی۔

حکام کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل احمد مینائی کو تقریباً آدھے گھنٹے تک آبزَروییشن میں رکھا گیا لیکن ان کی حالت ٹھیک رہی اور سر میں ہلکے سے بھاری پن کے علاوہ انہیں کوئی شکایت نہیں تھی جس کے بعد انہیں گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔

حکام کا کہنا تھا کہ اسرائیل احمد مینائی کے مطابق وہ ابھی مزید جینا چاہتے ہیں، اللّٰہ تعالی نے انہیں ابھی تک کورونا وائرس سے محفوظ رکھا ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ اس مرض کی ویکسین لگوا کر صحت مند زندگی گزاریں۔

انہوں نے اس موقع پر معمر افراد کو پیغام دیا کہ وہ اپنے آپ کو نیشنل ایمیونائزیشن مینجمنٹ سسٹم یا 1166 پر رجسٹر کروائیں اور وہ تمام افراد جو کہ 70 سال یا اس سے زائد کی عمر کے ہیں اور رجسٹریشن کے بعد جوابی میسج حاصل کرنے کے فوراً بعد کسی بھی ویکسینیشن سینٹر پر جا کر اپنے آپ کو کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوا لیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں اس وقت 28 ایڈَلٹ ویکسینیشن سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں جہاں پر کورونا وائرس  سے بچاؤ کی ویکسین لگوائی جاسکتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.