سندھ پولیس کے افسران اور اہلکاروں کو بھی کورونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اے آئی جی ویلفیئر نے 50 سے 59 برس تک کے افسران و اہلکاروں کو رجسٹریشن کرانے کی ہدایت کی ہے ۔
اے آئی جی ویلفیئر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران سے ویکسی نیشن سینٹرز میں خصوصی ڈیسک قائم کرنے کی درخواست کی ہے، فیلڈ فورس کے ساتھ ساتھ دفتری اسٹاف کو بھی کورونا ویکسین لگائی جائے گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سندھ پولیس کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہی ہے، کورونا سے متاثرہ سندھ پولیس کے افسران و اہلکاروں کی مجموعی تعداد 6 ہزار 366 ہے۔
اے آئی جی ویلفیئر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف فرض کی ادائیگی کے دوران 24 پولیس افسران و اہلکار انتقال کرچکے ہیں جبکہ کورونا سے متاثرہ 6 ہزار 297 افسران و اہلکار صحت یاب ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں تین روز کے دوران تین سو سےزیادہ افراد کورونا کا شکار ہو کر انتقال کر گئے۔پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 329 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 98 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 2 ہزار 610 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 10 اعشاریہ 69 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 15 ہزار 124 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 5 ہزار 517 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 49 ہزار 816 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 5 لاکھ 84 ہزار 877 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
Comments are closed.