جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے سندھ ٹریکٹر سبسڈی میں کرپشن کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
نیب کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں آفتاب احمد ، غلام سرور اور تارا چند شامل ہیں، آفتاب احمد محکمہ زراعت سندھ میں ایگزیکٹو انجینئر تھے، جبکہ ملزمان غلام سرور اور تارا چند ٹریکٹر ڈیلرز تھے۔
نیب اعلامیے کے مطابق ملزمان کو ریماںڈ کے لیے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
سندھ میں جعلسازی سے ٹریکٹر سبسڈی میں کرپشن کے کیس میں نیب راولپنڈی کی تفتیشی ٹیم نے دورہ سندھ کے دوران 1500 افراد کے بیانات قلمبند کر لیے۔
متاثرین نے اپنے بیان میں نیب کو بتایا کہ ہمارے شناختی کارڈ پر جاری ٹریکٹرز ہمیں نہیں ملے، ہم نے کبھی ٹریکٹر لینے کی درخواست نہیں دی، راشن کے بہانے شناختی کارڈز لیے گئے تھے۔
محکمہ ایکسائز سے بھی نیب نے ریکارڈ حاصل کر لیا ہے ، جبکہ نیب تین ملزمان کو گرفتار کر چکا، مزید اہم گرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔
نیب کا کہنا ہے کہ سندھ کے 3200 لوگوں کے نام پر جعلسازی سے ٹریکٹر جاری کروائے گئے، ٹریکٹر اسکیم میں 80 کروڑ روپے کی سبسڈی حکومت سے لی گئی تھی، سادہ لوح افراد کے نام پر سبسڈی کے ذریعے ٹریکٹر لے کر اوپن مارکیٹ میں بیچے گئے۔
Comments are closed.