سندھ حکومت کی جانب سےصرف ایک دن، اتوار کو کاروبار بند جبکہ باقی دن کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا، جس میں ہفتے میں کاروبار کی 2 دن بندش کے بجائے ایک دن کی بندش کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ایکسپو سینٹر پر بغیر ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ شخص کے خلاف آئی جی اور وزارت داخلہ کو سخت کارروائی کی ہدایت دے دی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا کے خلاف جاری کسی کام میں کرپشن یا نااہلی برداشت نہیں کریں گے۔
مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ ڈرائیونگ لائسنسنگ کیلئے کورونا ویکسین لازمی قرار دی جائے۔
اجلاس میں مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ میں کوویڈ 19 کے مریضوں کی شرح 4.5 فیصد پر آگئی، اسپتالوں پر اب کچھ دباؤ کم ہوا ہے، 12 جون کو بیرون ممالک سے آنے والوں کے ایئرپورٹ پر 37ہزار 105 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 80 میں کورونا کیس مثبت آئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک بیرون ممالک سے آنے والے مسافروں میں سے 50 صحتیاب ہو گئے ہیں، کراچی میں کل 9.5 فیصد نئے کیسز تشخیص ہوئے، حیدرآباد میں تشخیص کی شرح 5.65 فیصد ہے، کراچی شرقی میں تشخیص کی شرح 12، جنوبی میں 9 فیصد ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ جون میں ابتک 192 مریض انتقال کرگئے، ابتک 30لاکھ 35 ہزار 998 کوویڈ ویکسین کے ڈوزز موصول ہوچکی ہیں۔
Comments are closed.