شمال مشرقی بحیرۂ عرب میں طاقت ور ہوا کا کم دباؤ تشکیل پا رہا ہے، جس کے باعث سندھ اور مکران کے ساحلی علاقوں میں طوفانی بارشوں کے ممکنہ خدشے کے پیشِ نظر محکمۂ موسمیات نے الرٹ جاری کر دیا، کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں اربن فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
محکمۂ موسمیات کی جانب سے جاری کیئے گئے الرٹ کے مطابق سائیکلونک اسٹورم ’گلاب‘ کا باقی ماندہ حصہ ہوا کے کم دباؤ کی صورت میں وسطی بھارت میں موجود ہے، اس کا رخ بھارتی گجرات کی جانب ہے جو 29 یا 30 ستمبر کے دوران شمال مشرقی بحیرۂ عرب میں مناسب موسمی صورتِ حال کے باعث دوبارہ شدت پکڑ سکتا ہے۔
اس طوفان کے زیرِ اثر کراچی، حیدر آباد، ٹھٹھہ اور بدین میں آج سے 2 اکتوبر کے دوران بارشوں کا امکان ہے۔
میر پور خاص، تھر پارکر، عمر کورٹ، سانگھڑ اور سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی اس دوران بارشیں متوقع ہیں۔
اس دوران تیز ہوائیں چلنے اور گرج چمک کے ساتھ کہیں تیز اور کہیں موسلا دھار بارش ہونے کا امکان ہے۔
بلوچستان کے مختلف اضلاع میں 30 ستمبر سے 3 اکتوبر کے درمیان وسیع پیمانے پر بارشوں کا امکان ہے۔
30 ستمبر سے 3 اکتوبر کے دوران سمندر میں طغیانی رہ سکتی ہے اس دوران ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
طوفانی بارشیں کراچی میں اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہیں، جبکہ بدین، ٹھٹھہ، حیدر آباد اور دادو میں بھی اربن فلڈنگ کا خطرہ ہے۔
Comments are closed.