وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا پاکستان آمد پر خیر مقدم کرتے ہیں۔
سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود ایک روزہ دورے پر پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے، وزارتِ خارجہ آمد پر وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کا خیر مقدم کیا۔
سعودی حکومت کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی سعودی وزیرِخارجہ کے ہمراہ ہے۔
ملاقات کے بعد وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ دو طرفہ تعلقات پر جامع بات چیت ہوئی ہے، دونوں ملکوں میں فوکل پرسنز پیش رفت کا جائزہ لیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں ملکوں نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، ملاقات میں معاشی تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے دوطرفہ تعلقات پر بہت مطمئن ہیں، پاک سعودیہ معاشی تعلقات میں بہتری آ سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات میں سعودی کونسل کے قیام پر بات ہوئی، اس کونسل کے قیام سے دو طرفہ معاملات پر غور کرنے میں آسانی ہو گی۔
وزیرِ خارجہ نے کہا کہ گرین سعودیہ عریبیہ اور مڈل ایسٹ پر مل کر کام کر سکتے ہیں، سعودی وزیرِ خارجہ سے کشمیر اور افغانستان کے معاملے پر بھی بات ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ثقافتی شعبے میں تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں، ماضی میں پاکستان اور سعودی عرب نے اس شعبے پر زیادہ توجہ نہیں دی۔
شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا ہے کہ سعودی عرب میں 25 لاکھ پاکستانی ہیں، سعودی عرب سے باہمی ثقافتی روابط کو فروغ دیں گے، ماحولیات کے شعبے میں باہمی تعاون کا آغاز ہوا ہے۔
وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان اورسعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان ماحولیاتی تبدیلیوں سے آگاہ ہیں، سعودی ہم منصب سے سی پیک پر سعودی سرمایہ کاری پر بھی بات ہوئی ہے۔
وزرائے خارجہ ملاقات کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے، جن میں دو طرفہ تعلقات، اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
سعودی وزیرِخارجہ اپنے دورے کے دوران اعلیٰ حکومتی شخصیات وزیرِ اعظم عمران خان، صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا یہ دورہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کی دعوت پر ہو رہا ہے۔
Comments are closed.