بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سانگھڑ اور پشین میں بھی ضمنی انتخابات، پولنگ شروع

سندھ میں سانگھڑ کے حلقہ پی ایس 43 اور بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 پشین 3 میں بھی ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔

سانگھڑ کے حلقہ پی ایس 43 میں ضمنی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔

دوسری جانب بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 20 پشین تھری کا ضمنی انتخاب بھی آج ہو رہا ہے، 27 امیدوار انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔

بلوچستان عوامی پارٹی کے عصمت اللّٰہ ترین، پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار عزیز اللّٰہ آغا سمیت 5 امیدواروں کے درمیان سخت مقابلہ جاری ہے۔

کراچی کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 88 ملیر میں آج ضمنی انتخابات ہے جس کے سلسلے میں پولنگ کا آغاز ہو گیا ہے۔

پولنگ کا سامان پولنگ اسٹیشنز پر گزشتہ روز ہی پہنچا دیا گیا تھا، پولنگ کے دوران کورونا وائرس سے بچاؤ کی ایس او پیز پر عمل درآمد بھی کیا جا رہا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام کے رکن اسمبلی و سابق گورنر بلوچستان سید فضل آغا کی وفات کے بعد خالی ہونے والی بلوچستان اسمبلی کی نشست حلقہ پی بی 20 پشین تھری پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل آج صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گا۔

پی بی 20 پشین تھری میں کل ووٹرز کی تعداد 99 ہزار 849 ہے، حلقے میں مرد ووٹرز کی تعداد 58 ہزار 126 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 41 ہزار 723 ہے۔

حلقہ پی بی 20 پشین تھری کے ضمنی انتخاب کے لئے 113 پولنگ اسٹیشن قائم کیئے گئے ہیں، حلقے میں مردوں کے لیے 45، خواتین کے لیے 37 اور مشترکہ 31 پولنگ اسٹیشن قائم کیئے گئے ہیں، جبکہ حلقے میں پولنگ بوتھس کی تعداد 343 ہے۔

ڈپٹی کمشنر پشین قائم لاشاری کے مطابق حلقے کے 3 پولنگ اسٹیشن بہت حساس، 90 حساس اور 20 نارمل قرار دیئے گئے ہیں۔

سیکیورٹی کے لیے 450 ایف سی اور 510 لیویز اہلکار تعینات کیئے گئے ہیں، لیویز کی کیو آر ایف کے علاوہ لیویز اہلکار گشت بھی کریں گے۔

ضمنی انتخاب میں یوں تو 27 امیدوار حصہ لے رہے ہیں، تا ہم بلوچستان عوامی پارٹی کے عصمت اللّٰہ ترین، پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار عزیز اللّٰہ آغا اور 3 آزاد امیدواروں امر الدین آغا، ساجد انور خان اور عصمت اللّٰہ کے درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.