یورپین یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا ہے کہ آرٹ اور کلچر کی زبان ایک ایسا میڈیم ہے جس سے دنیا بھر تک آپ کا پیغام پہنچ جاتا ہے۔ ہمیں بھی اپنے سافٹ امیج کو آگے بڑھانے کیلئے اپنے آرٹسٹوں کو سپورٹ کرنا ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نوجوان پاکستانی بصری آرٹسٹ مینا ارحم کی یورپین دارالحکومت برسلز میں سولو آرٹ کی نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔ نمائش کا اہتمام ریڈ مون آرٹ انکیوبیٹر نے سفارت خانہ پاکستان برسلز کے تعاون سے کیا تھا۔
ریڈ مون آرٹ انکیوبیٹر ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو کم نمائندگی والے ممالک کی نوجوان خواتین فنکاروں کو یورپ میں رہائش اور اپنے فن کی نمائش کا موقع فراہم کرکے فروغ دیتی ہے۔
مینا ارحم کی یہ نمائش شہروں خاص طور پاکستان کے ثقافتی دارالحکومت لاہور سمیت دنیا بھر میں تیزی سے بڑھتے ہوئے عالمی اربن ازم اور اس کے شہری منظر نامے پر پڑنے والی گہری تبدیلیوں پر توجہ مرکوز کرتی ہے۔
اپنے مختصر خطاب میں سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے پاکستان کی بصری فنون کی بھرپور تاریخ کے متحرک اور تنوع پر روشنی ڈالی، جو ملک کو عالمی آرٹ کینوس پر ایک روشن مقام کے طور پر پیش کرتا ہے۔
سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو صادقین، عبدالرحمٰن چغتائی، اسماعیل گل جی، غلام رسول وغیرہ جیسے کئی مشہور اور عالمی شہرت یافتہ فنکاروں کو پیدا کرنے کا ایک الگ اعزاز حاصل ہے۔ جہاں فنون اور خطاطی کے روایتی ذرائع کو مزید عصری میڈیموں میں قائم اور آنے والے فنکاروں کی ایک بڑی تعداد کے ذریعے تازہ اور اختراعی خیالات کے ساتھ مختلف قسم کے ذرائع میں پیش کیا گیا۔
مینا ارحم کے کام کو سراہتے ہوئے سفیر اسد مجید خان نے اس بات پر زور دیا کہ سفارت خانے نے ہمیشہ پاکستانی فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیا ہے اور انہیں بیلجیئم کے عوام کے سامنے پیش کیا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نمائشوں کے ’پاکستان پینوراما‘ کے سلسلے میں اس طرح کی مزید تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ بیلجیئم کے سامعین کو پاکستانی آرٹ سین سے آنے والے باصلاحیت بصری فنکاروں کے نمائندہ انتخاب کے ساتھ پیش کیا جاسکے۔
اس موقع پر مینا ارحم نے مہمانوں کو نمائش میں پیش کردہ اپنے فن پاروں اور سامعین کو آرٹ کے حوالے سے اپنی ترجیحات کے بارے میں بتایا۔
قبل ازیں جب سفیر پاکستان نمائش میں پہنچے تو نمائش کی منتظمہ جولی پاریکھ نے ان کا استقبال کیا اور اس پراجیکٹ کے اغراض و مقاصد پر بات کی۔
نمائش میں آرٹ کے شائقین، سول سوسائٹی کے ارکان، سفارتی کور کے ارکان اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یہ نمائش 11 دسمبر 2022 تک جاری رہے گی۔
Comments are closed.