پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ان کے ساتھیوں کو ڈرایا جارہا ہے، کھوکھر برادران کے گھروں کو گرادیا گیا، ن لیگ کے رہنماؤں کے نام چن چن کر کرپشن کی فہرستوں میں ڈالے جارہے ہیں۔
لاہور میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کرپشن کا چورن اب نہیں بکے گا، بزدل سرکاری اہلکار چار آنے کی نوکری کے لیے حکومت کے آلہ کار بن گئے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کھوکھر برادران کے گھر گرانے والے اس ڈی ایس پی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں منظور شدہ اسکیم کا آفس گرادیا گیا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ جو شخص ظلم کرے گا، وہ اپنے انجام تک پہنچے گا، حکمراں صرف یہ چاہتے ہیں کہ مخالفین ختم ہوجائیں، ان شااللّٰہ پی ڈی ایم اور ہم ختم نہیں ہوں گے۔
سعد رفیق نے کہا کہ آپ چن چن کرکرپٹ اور بزدل افسروں کو تعینات کر رہے ہیں، جو افسران ظلم ہوتا دیکھ رہے ہیں وہ بھی دیانتدار نہیں رہے، یہ دور زیادہ دیر تک نہیں چلے گا، حکومت ملکی اداروں کا غلط استعمال کر رہی ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ حکومت وہ پڑیا بیچنے کی کوشش کر رہی ہے جس کا چورن کوئی نہیں خریدتا، ضمنی انتخابات میں چند دن رہ گئے ہیں، تو ہمارے ساتھیوں کو ڈرایا جارہا ہے۔
Comments are closed.