اسلام آباد: ملک میں ساتویں خانہ و مردم شماری کا عمل 4 ماہ کے لیے ملتوی ہو گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق ساتویں خانہ و مردم شماری اگست کے آخر میں شیڈول تھی تاہم اب مردم شماری اگست کے بجائے دسمبر کے آخری ہفتے میں متوقع ہے ۔
خانہ و مردم شماری کا عمل تکنیکی آلات کی خریداری میں تاخیر کی وجہ سے التوا کا شکار ہوا ہے۔ ابتدائی شیڈول کے مطابق مردم شماری کے نتائج دسمبر 2022 میں الیکشن کمیشن کو جمع کروائے جانے تھے تاہم اب مردم شماری کے نتائج مارچ 2023 تک الیکشن کمیشن کو جمع کروائے جا سکیں گے۔
پاکستان پہلی بار ڈیجیٹل مردم شماری کرنے جا رہا ہے، ڈیجیٹل مردم شماری کے لیے ایک لاکھ 20 ہزار کے قریب ٹیبلٹس کی خریداری بھی آلات میں شامل ہے۔ ڈیجیٹل خانہ و مردم شماری کے سافٹ ویئر ٹیسٹنگ کا پائلٹ پروجیکٹ شروع ہو چکا ہے۔
سافٹ ویئر ٹیسٹنگ کے لیے چند شہروں میں پائلٹ خانہ و مردم شماری کی جا رہی ہے، ادارہ شماریات پائلٹ مردم شماری کی رپورٹ جلد مرتب کرے گا۔
Comments are closed.