پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف نے عملی طور پر سیاست میں آنے کا اعلان کردیا۔
جیو نیوز کے پروگرام ’’اسکور‘‘ میں سید یحییٰ حسینی سے گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی حالات کو بغور دیکھ رہا ہوں، ابھی کام کرنے کی سکت ہے، کچھ کر سکتا ہوں، لہٰذا عین ممکن ہے کہ آئندہ دو سے تین سال میں آپ مجھے سیاست میں دیکھیں۔
53 سالہ راشد لطیف سے جب یہ سوال ہوا کہ وہ کس سیاسی جماعت کا حصہ بنیں گے؟ یا اپنی علیحدہ سیاسی جماعت بنانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں، سب کو معلوم ہے کہ راشد لطیف کس سیاسی جماعت سے وابستگی رکھتا ہے، اس کے سیاسی نظریات کیا ہیں۔
راشد لطیف نے مزید کہا کہ وہ پرانی جگہ اور لوگ چھوڑنے والے نہیں، وہ منشور کیساتھ چلنے والوں میں سے ہیں۔
خیال رہے کہ 1992ء سے 2005ء تک پاکستان کے لیے 37 ٹیسٹ اور 166 ون ڈے کھیلنے والے راشد لطیف نے حال ہی میں کشمیر پریمئیر لیگ کے ساتھ بطور ڈائریکٹر کرکٹ وابستگی اختیار کی ہے۔
پروگرام اسکور میں بات چیت کے دوران انہوں نے بتایا کہ کشمیر پریمئیر لیگ کے ساتھ ان کا ایک سال کا معاہدہ ہے اور جلد وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز کراچی کنگز کے ساتھ دوبارہ وابستہ ہونے جارہے ہیں، جہاں وہ فرنچائز کے لیے نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور دیگر دوسرے کاموں میں مصروف نظر آئیں گے۔
سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے منسلک ہونے سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضرور وہ اس حوالے سے اچھی آفر کے بعد فیصلہ کریں گے۔
Comments are closed.