سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کے سابق پرنسپل سیکریٹری محمد خان بھٹی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن کے حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ تھانہ اینٹی کرپشن میں رشوت لینے کے الزام میں درج کیا گیا۔
ان پر ہائی وے افسران سے 46 کروڑ روپے سے زائد رشوت لینے کا الزام ہے، ایف آئی آر میں ایس ڈی او ہائی وے رانا محمد اقبال نامزد ہیں جن کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
حکام نے کہا ہے کہ اینٹی کرپشن نے محمد خان بھٹی کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کر دی ہے، محکمہ ہائی وے کے ایکسیئن دلشاد احمد، کاشف شکور، فتح محمد اور ارشد ندیم کے کردار کا تعین دورانِ تفتیش کریں گے۔
اینٹی کرپشن حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایس ڈی او نعیم بٹ، ایکسیئن محمد فریاد اور 2 کنسٹرکشن کمپنیز کے مالکان کے کردار کا تعین بھی دورانِ تفتیش کیا جائے گا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ایس ڈی او رانا اقبال نے محمد خان بھٹی کو من پسند پوسٹنگ کے لیے کروڑوں روپے دیے، محکمۂ مواصلات و تعمیرات کے کئی افسران ان کو رشوت دیتے رہے۔
Comments are closed.