جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

سائفر کیس: سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا جنرل باجوہ کو گواہ بنانے کا اعلان

سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سائفر کیس میں جنرل ریٹائرڈ باجوہ اور امریکی سفارت خانے کے آفیشلز کو گواہ بنانے کا اعلان کر دیا۔

اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کے موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جنرل باجوہ اور امریکی سفارت خانے کے آفیشلز کو گواہ بناؤں گا، جنرل باجوہ نے ڈونلڈ لو کے کہنے پر سب کیا، جنرل باجوہ کو عدالت میں بلاؤں گا۔

اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھ سے کسی نے مذاکرات نہیں کیے، مجھے جس طرح پکڑا گیا، سب ایک پلان تھا، نواز شریف لندن پلان کے بعد پاکستان آئے۔

  سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ لکھ کر دینے کو تیار ہوں الیکشن پی ٹی آئی جیتے گی۔

سابق چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ جیل میں کسی مشکل میں نہیں، جیل میں رہنا عبادت سمجھتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے بشریٰ بی بی کی شکل دیکھی ہی تب تھی جس دن نکاح کیا تھا، بچوں کو اپنی والدہ کے خلاف بیان دینے کا کہہ رہے ہیں۔

سابق وزیرِ اعظم کا یہ بھی کہنا ہے کہ چند سیاسی رہنماؤں کے پی ٹی آئی چھوڑنے پر شکر ادا کرتا ہوں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.