جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

سندھ کی نگراں حکومت پیپلز پارٹی کے مفادات کی نگراں ہے: خالد مقبول

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ سندھ کی نگراں حکومت پیپلز پارٹی کے مفادات کی نگراں ہے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے وفد نے اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے بہت اُمید ہے لیکن یقین نہیں آ رہا، الیکشن کمشنر سندھ پیپلز پارٹی کے حلف یافتہ کارکن بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ ہاؤس پیپلز پارٹی کے مفادات کے نگراں کا مرکز ہے۔ 

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے تمام اعتراضات منظور اورحلقہ بندی میں غلطی کو اور بگاڑ دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے حلقہ بندی میں غلطیوں پر جائز اعتراض دیے، ان میں سے ایک قبول نہ ہوا، پیپلز پارٹی نے سندھ کے اختیار اور وسائل پر قبضہ کیا ہوا ہے، کھربوں روپے کی کرپشن اور بدعنوانی کی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کراچی میں بلدیہ ٹاؤن میں ہماری سیٹ نکلتی ہے، بلدیہ ٹاؤن کے حصے سعید آباد کو نکال کر کیماڑی میں ڈال دیا گیا، بلدیہ حلقہ کو کمزور کر کے زبردستی کیماڑی میں ڈال دیا گیا، ہم نے یہ سب چیف الیکشن کمشنر کو بتایا، ان سے ہماری آخری اُمید ہے، ہم اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.