بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

زمبابوے کے خلاف آخری ٹیسٹ میں افغانستان کے بیٹنگ ریکارڈز

زمبابوے کے خلاف سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں افغانستان کے حشمت اللّٰہ  اور اصغر افغان نے ریکارڈز بنادیے۔

بائیں ہاتھ کے بلے باز حشمت اللّٰہ 200 رنز کی اننگز کھیل کر ڈبل سنچری بنانے والے پہلے افغان کھلاڑی بن گئے۔

اسی طرح افغانستان کی جانب سے دوسرا بڑا اسکور بھی آج ہی اصغر افغان کی 164 رنز کی اننگز کے ساتھ ترتیب ہوا۔

مذکورہ میچ کی یہ پہلی اننگز افغانستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 545 رنز پر ڈیکلیئر کی ہے جو افغانستان کا ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔

خیال ہے کہ افغانستان کی ٹیم گزشتہ 10 اننگز میں 400 کے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ پائی تھی۔

اسی طرح اصغر افغان اور حشمت اللّٰہ کے درمیان 307 رنز کی شراکت قائم ہوئی جو افغانستان کی جانب سے کسی بھی وکٹ پر اب تک کی سب سے بڑی شراکت ہے، اس سے قبل افغانستان کی جانب سے سب بڑی شراکت 139 رنز کی تھی۔

افغانستان نے زمبابوے کے خلاف ابو ظبی ٹیسٹ کے پہلے دن 3 وکٹ پر 307 رنز رنز بنالئے ہیں۔

ابوظبی میں جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوسرے روز افغانستان نے تین وکٹ پر 307 رنز سے کھیل دوبارہ شروع کیا، پہلے روز 86 رنز پر ناٹ آؤٹ حشمت اللّٰہ نے سنچری مکمل کی، بارہ چوکوں کی مدد سے 276 گیندوں پر اُنہوں نے یہ اننگز کھیلی۔

دوسرے اینڈ سے اصغر افغان نے ڈیڑھ سو رنز مکمل کیے، افغانستان کی چوتھی وکٹ 428 رنز پر گری جب اصغر افغان 164رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

حشمت اللّٰہ اور اصغر افغان کے درمیان 307 رنز کی ریکارڈ شراکت ہوئی جو کسی بھی وکٹ کے لیے افغانستان کا ریکارڈ ہے۔

حشمت اللّٰہ کے نئے پارٹنر ناصر جمال نے بھی نصف سنچری بنائی، وہ 55 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔

دوسرے اینڈ پر موجود حشمت اللّٰہ نے ڈبل سنچری مکمل کی، اُنہوں نے 21 چوکے اور ایک چھکا لگایا جس کے فوراً بعد افغانستان کے کپتان نے اننگز چار وکٹ کے نقصان پر 545 کے مجموعے پر پر اننگز ڈیکلیئر کردی۔

جواب میں کھیل کے خاتمے تک زمبابوے نے بغیر کسی نقصان کے پچاس رنز بنالیے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.