چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے زمان پارک آپریشن کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔
عمران خان نے درخواست میں سیکریٹری داخلہ، نگراں حکومت پنجاب، چیف سیکریٹری اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ پولیس آپریشن خواتین کے حقوق کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے، جب اسلام آباد کی معزز عدالت آ رہا تھا، تب یہ آپریشن کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پولیس آپریشن 16 مارچ کے معاہدے کی خلاف ورزی ہے، لاہور ہائیکورٹ نے 17 مارچ کو کوئی تادیبی کارروائی نہ کرنے کا حکم دیا تھا۔
عمران خان نے درخواست میں موقف اپنایا کہ تحریک انصاف کی آواز دبانے کے لیے پیمرا نے بھی پابندی کا حکم دیا، عدالت سے استدعا ہے کہ پولیس اور انتظامیہ کو فوری طور پر آپریشن روکنے کا حکم دے۔
انہوں نے درخواست میں کہا کہ عدالت آئندہ بھی کسی آپریشن کو روکنے کا حکم جاری کرے۔
عدالت میں فواد چوہدری کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست بھی دائر کی گئی۔
Comments are closed.