یورپین یونین نے روسی حکام کی جانب سے آزاد میڈیا اداروں، صحافیوں اور سول سوسائٹی پر کریک ڈاؤن کی مذمت کرتے ہوئے ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
یورپین خارجہ امور کے ترجمان کی جانب سے جمعرات کی شب دیر گئے جاری کردہ اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کہ روسی حکام نے ملک میں موجود آزاد میڈیا کے اداروں، صحافیوں اور سول سوسائٹی کی تنظیموں کے خلاف نئے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
اس اعلان کے تحت انسٹیٹیوٹ آف پبلک پالیسی (ILLP) اور کئی صحافیوں کو ‘ فارن ایجینٹ’ اور ایک میڈیا آئوٹ لیٹ پراجیکٹ میڈیا آئی این سی کو ناپسندیدہ تنظیم قرار دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق اسی طرح روس کے اندر انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کیلئے کام کرنے والی وکلاء اور صحافیوں کی ایک اور تنظیم کوماندا 29 نے بھی اپنی سرگرمیاں روکتے ہوئے حکام کی جانب سے الزامات اور غیر ضروری دبائو کو اس کی وجہ قرار دیا ہے۔
یورپین یونین نے ان تمام اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے اسے اظہار رائے اور تنظیم سازی کی آزادی کے لیے روس کی بین الاقوامی ذمہ داریوں اور انسانی حقوق کے وعدوں کے خلاف قرار دیا۔
اس کے ساتھ ہی یونین نے روسی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ان تمام اقدامات کو واپس لیں اور آزاد میڈیا اور سول سوسائٹی کو آزادانہ کام کرنے دیں۔
Comments are closed.