جمعہ 24؍شعبان المعظم 1444ھ17؍مارچ 2023ء

رواں ہفتے 28 اشیاء مہنگی، 11 سستی ہوئیں

پاکستان میں رواں ہفتے مہنگائی کی مجموعی شرح 47 اعشاریہ 97 فیصد کی سطح تک پہنچ گئی۔

ادارہ شماریات نے ایک ہفتے کے جائزے کے بعد مہنگائی کی شرح میں اضافے سے متعلق اعداد وشمار جاری کردیے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے مہنگائی میں صفر اعشاریہ 96 فیصد اضافہ ہوا یوں مہنگائی کی مجموعی شرح 47 اعشاریہ 97 فیصد ہوگئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق رواں ہفتے 28 اشیائے ضروریہ کی قیمت میں اضافہ، 11 میں کمی اور 12 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 8 روپے 92 پیسے، 190 گرام چائے کا پیکٹ 39 روپے 67 پیسے، آلو 2 روپے 26 پیسے اور کیلے ساڑھے 7 روپے فی درج مہنگے ہوئے۔

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے میں چینی 2 روپے 78 پیسے، 20 کلو آٹا کا تھیلا 42 روپے 55 پیسے، ڈھائی کلو کا گھی کا ڈبہ18 روپے 3 پیسے مہنگا ہوگیا۔

رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران نمک، دودھ، بیف، دہی اور چاول بھی اُن اشیائے ضروریہ کی فہرست میں شامل ہیں، جو مہنگی ہوئیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے پیاز 25 روپے، چکن 25 روپے 62 پیسے، لہسن 23 روپے42 پیسےاور دال مسور 6 روپے 43 پیسے فی کلو سستی ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے انڈے 5 روپے 53 پیسے فی درجن، دال چنا 3 روپے 22 پیسے فی کلو، دال ماش اور دال مونگ کی قیمتوں میں کمی سامنے آئی ہے۔

ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے کے دوران 12 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام دیکھنے میں آیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.