نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان اسکواڈ کا اعلان کل کیئے جانے کا امکان ہے، پی سی بی کے متوقع چیئرمین رمیز راجہ نے کھلاڑیوں سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے، اس حوالے سے مینجمنٹ کی جانب سے کھلاڑیوں کو پیغام دے دیا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ کے خلاف 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے پاکستان اسکواڈ کا پیر کو اعلان متوقع ہے، سلیکٹرز کی مشاورت جاری ہے، 15 رکنی اسکواڈ کے ساتھ 3 یا 4 اضافی کھلاڑیوں کا اعلان بھی کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسکواڈ میں 2 لیگ اسپنرز شاداب خان اور عثمان قادر شامل ہوں گے، شرجیل خان، صہیب مقصود، نوجوان محمد وسیم جونئیر ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
خوشدل شاہ کی ٹیم میں شمولیت بھی یقینی ہے، البتہ عماد وسیم اور محمد نواز میں سے ایک کا انتخاب ہو گا، آصف علی اور فخر زمان کے ناموں پر بحث جاری ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسکواڈ کو بورڈ میں وزیرِ اعظم عمران خان کے نامزد رکن رمیز راجہ کی گائیڈ لائنز کے مطابق حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
پی سی بی کے متوقع چیئرمین رمیز راجہ ون ڈے ٹیم سے ان کی اسلام آباد روانگی سے قبل 7 ستمبر کو نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر (این ایچ پی سی) میں ملاقات کریں گے۔
Comments are closed.