وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ رقم جاری کرنا وزارت خزانہ اور قومی اسمبلی کا استحقاق ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ سپریم کورٹ نے وزارت خزانہ کو انتخابات کےلیے 21 ارب روپے جاری کرنے کا کہا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سپلیمنٹری گرانٹ کی سمری پارلیمنٹ کو بھیج دی ہے، آج قومی اسمبلی میں بل پیش کر دیا جائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک کا رقم جاری کرنے میں کردار نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے بھی یہی بات کی تھی کہ بعد میں آپ اس کی منظوری لے لیں۔
جس ادارے کے اختیارات کے حوالے سے بات ہو رہی ہے، بہتر ہے کہ قومی اسمبلی فلور پر اس کی بات ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ تکلیف دہ بات ہے، عدلیہ کو آئین کی حدود میں ہی رہنا چاہیے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 81، 82 اور 84 میں واضح کر دیا گیا ہے یہ فنڈ کیسے منظور ہونے ہیں۔
خیال رہے کہ وفاقی کابینہ نے الیکشن کمیشن کو فنڈز کی فراہمی کی سمری منظور کرلی جبکہ معاملہ قومی اسمبلی کو بھیج دیا۔
Comments are closed.