بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

رحیم یار خان: 3 افراد نے گھر میں گھس کر خواتین پر تیزاب پھینک دیا

رحیم یار خان کی تحصیل خان پور میں 3 افراد نے گھر میں داخل ہوکر خواتین پر تیزاب پھینک دیا، جس کے باعث 1 بچی اور 2 خواتین زخمی ہو گئیں، ملزمان فرار ہو گئے۔

واقعہ خان پور کی بستی جٹکی میں پیش آیا، متاثرہ خاندان کے مطابق رات کے پچھلے پہر نامعلوم چور گھر میں داخل ہوئے تھے۔

نقدی موبائل فون چوری کرنے کے بعد اہلِ خانہ کے جاگ جانے پر چوروں نے 3 خواتین پر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہو گئے۔

واقعے میں 35 سالہ نسرین، 20 سالہ شمسہ اور 5 سالہ بچی فاطمہ بی بی تیزاب سے جھلس کر شدید زخمی ہوگئیں، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

اطلاع ملنے پر سٹی پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی، جس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کر رہے ہیں کہ یہ واقعہ چوری کا ہے یا پھر ذاتی دشمنی کا ہے۔

زخمی خواتین اور بچی کے چہرے، بازو اور جسم کے دیگر حصوں پر زخم آئے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.