بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

دہشت گردی اور انتہاپسندی پر قابو پالیا ،کور کمانڈر کانفرنس

اسلام آباد ( آن لائن ) عسکری قیادت نے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک ایسے حقیقت پسندانہ قومی رسپانس پر زور دیا ہے جس میں قومی مفاد ہر چیز سے بڑھ کر ہوجبکہ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم دہشت گردی اور انتہا پسندی پر قابو پاچکے ہیں، عسکری قیادت نے سابق فاٹا کے اضلاع میں اصلاحات کا عمل بھی جلد مکمل کرنے پر زور دیا جبکہ دشمن انٹیلی جنس ایجنسیوں کے عزائم ناکام بنانے پر بھی اطمینان ظاہر کیا ۔239ویںکور کمانڈرز کانفرنس آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیر صدارت جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی ۔ شرکاء نے علاقائی اور داخلی سلامتی ،سرحدی سیکورٹی سمیت فوج کے پیشہ ورانہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یوم کشمیر کے تناظر میں شرکاء نے اس بات پر مثبت ردعمل کااظہار کیا کہ بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میں بدترین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر عالمی برادری کا احساس بڑھ رہا ہے اور سلامتی سے متعلق بحران کو بھی دنیا دیکھ رہی ہے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق بہادر کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا ۔ شرکاء نے افغان امن عمل کا بھی جائزہ لیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ مستحکم افغانستان علاقائی امن اور سلامتی کے لیے ناگزیر ہے ۔ کور کمانڈرز نے یہ بات نوٹ کی کہ سیکورٹی کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ایک حقیقت پسندانہ قومی رسپانس تقاضا کرتا ہے جس میں قومی مفاد ہر چیز سے بڑھ کر ہو۔شرکاء نے واضح کیا کہ افواج پاکستان دشمن کے کسی بھی مس ایڈونچر کا جواب دینے کے لیے پوری طرح آپریشنل طور پر تیار ہیں ۔ کور کمانڈرز نے سابق فاٹا اور خیبر پختونخوا میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ بھی لیا اور اس میں بہتری پر اطمینان کا اظہارکیا۔دشمن ممالک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کے پاکستان مخالف عزائم کو ناکام بنانے کے اقدامات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں کسی کو بھی امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آرمی چیف نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سیکورٹی کی صورتحال کے فوائدسامنے آنا شروع ہوگئے ہیں اوراس کی ایک بڑی مثال عالمی کرکٹ کی ملک میں واپسی ہے اور یہ امن ہم نے بے پناہ قربانیوں اور چیلنجز پر قابو پاکر حاصل کیاہے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا پاکستان سے خاتمہ کیاگیا ہے اور ان شاء اللہ ہم اسی عمل پر کاربند رہیں گے۔

The post دہشت گردی اور انتہاپسندی پر قابو پالیا ،کور کمانڈر کانفرنس appeared first on Urdu News – Today News – Daily Jasarat News.

بشکریہ جسارت
You might also like

Comments are closed.