انگلینڈ کے کرکٹر بین ڈکیٹ کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم نے کافی اچھا اسکور بنا دیا تھا، تسلیم کرنا ہوگا کہ دو بہترین کرکٹرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، دوسرے میچ کی شکست کو بھلا کر اب تیسرے میچ پر فوکس کرنا ہوگا۔
بین ڈکیٹ نے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں ہم نے بہت اچھا اسکور بنایا، یہ یہاں کے اعتبار سے بڑا ٹوٹل تھا، میں نے بریک میں کہا تھا ہمیں وکٹیں لینا ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ تسلیم کرنا ہوگا کہ دو بہترین پلیئرز نے شاندار کھیلا، اگر ہم 10 اوورز بعد 2 وکٹیں لے لیتے تو شاید نتیجہ مختلف ہوسکتا تھا مگر ایسا نہیں ہوسکا۔
بین ڈکیٹ نے اپنی بیٹنگ سے متعلق بتایا کہ اننگز کے دوران سیم بولنگ نے چیلنج دیا جس کے بعد میں نے یہ طے کیا کہ اسپن بولنگ پر زیادہ سے زیادہ رنز کروں، میں گیپس کا فائدہ اٹھانے میں کامیاب رہا اور رنز بنے۔
انگلش کرکٹر نے کہا کہ میں نے یہاں پی ایس ایل کھیلا اور یہ تجربہ مجموعی طور پر کافی اچھا ہے، میں حالانکہ دو میچز ہی کھیلا لیکن چیزیں دیکھنے کا موقع ملا لیکن یہ فائدہ مند ہے کہ ٹیم میں ایسے سینئرز ہیں جو یہاں کھیل چکے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ 7 میچز کی طویل سیریز ہے، کوئی بھی ٹیم کم بیک کرسکتی ہے۔
Comments are closed.