بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

دوسرا ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کا جنوبی افریقہ کو جیت کیلئے 141 رنز کا ہدف

جنوبی افریقہ کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کی بیٹنگ لائن بری طرح ناکام ہوگئی اور ہوم ٹیم کو جیت کے لیے صرف 141 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 

جوہانسبرگ کے وانڈررز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جارہے اس میچ میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ 

میچ کے آغاز میں ہی ان فارم محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوئے، جبکہ فخر زمان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے شرجیل خان صرف 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ 

پاکستان ٹیم کی وکٹیں خزاں رساں پتوں کی طرح گرتی رہیں اور کپتان بابر اعظم اور محمد حفیظ کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔

کپتان بابر اعظم نے 50 جبکہ محمد حفیظ نے 32 رنز کی اننگز کھلی۔ 

دیگر بیٹسمین میں حیدر علی اور حسن علی 12، 12 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 

پاکستان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے جارج لِنڈا اور لزاد ولیمز 3، 3 وکٹیں لے کر پاکستان ٹیم کی تباہ کاری کا سامان بنے۔ 

خیال رہے کہ پاکستان ٹیم میں دوسرے ٹی ٹوئنٹی کےلیے فخر زمان اور حارث رؤف کی جگہ شرجیل خان اور محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ 

پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، شرجیل خان، محمد رضوان، حیدر علی، محمد حیفظ، محمد نواز، فہیم اشرف، حسن علی، شاہین آفریدی، محمد حسنین اور عثمان قادر پر مشتمل ہے۔

جنوبی افریقی ٹیم میں کپتان ہینرک کلاسن، جانیمن ملان، آئیڈن مارکرم، وین بلیون، ویہان لوبے، اینڈائل پھیخلوکوائیو، جارج لِنڈا، بیورن ہینڈرکس، لزاد ولیمز، تبریز شمسی اور سسانڈا مگالا شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ 

واضح رہے کہ دورے کے دوران شاہینوں نے پروٹیاز کو ون ڈے سیریز میں 1-2 سے زیر کیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.