گوجرانوالہ کے حلقہ پی پی 51 میں ضمنی انتخابات کے سلسلے میں پولنگ جاری ہے جہاں پنجاب کے صوبائی وزیر اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما محمود الرشید نے قدرت آباد پولنگ اسٹیشن کا دورہ کیا ہے۔
اس موقع پر پنجاب کے وزیر محمود الرشید سے ایک صحافی نے سوال کیا کہ کیا صورتِ حال ہے؟
محمود الرشید نے جواب دیا کہ اکثریت سے جیتیں گے۔
صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آپ وزیر ہیں، کیا آپ کو پولنگ اسٹیشن کا دورہ کرنے کی اجازت ہے؟
صوبائی وزیر محمود الرشید نے جواب دیا کہ مجھے اجازت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 51 گوجرانوالا میں بھی آج ضمنی الیکشن ہو رہے ہیں، یہ نشست مسلم لیگ نون کے ایم پی اے شوکت منظور چیمہ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
نون لیگ نے شوکت منظور چیمہ کی بیوہ بیگم طلعت منظور چیمہ کو امیدوار نامزد کیا ہے، پیپلز پارٹی نے یہاں اپنا امیدوار نون لیگ کے حق میں دستبردار کرا لیا ہے۔
تحریکِ انصاف نے چوہدری محمد یوسف کو میدان میں اتارا ہے جبکہ جماعت اسلامی کے امیدوار ناصر محمود ہیں۔
نون لیگ نے عام انتخابات کے دوران یہ نشست 31 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری سے جیتی تھی۔
یہ حلقہ وزیر آباد شہر، سوہدرہ اور دیگر دیہاتی علاقوں پرمشتمل ہے، یہاں کل ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 53 ہزار 949 ہے جبکہ 162 پولنگ اسٹیشن قائم کیئے گئے ہیں جن میں سے 8 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
Comments are closed.