پیر 20؍شعبان المعظم 1444ھ13؍مارچ 2023ء

دورہ افغانستان کیلئے ٹیم میں نام آنے پر اعظم خان حیران

دورہ افغانستان کیلئے قومی ٹی20 اسکواڈ میں نام آنے پر اعظم خان حیران ہوگئے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے افغانستان کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے قومی ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں اعظم خان بھی شامل ہیں۔

قومی کرکٹ ٹیم میں نام شامل ہونے پر وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے ٹوئٹر پر دلچسپ انداز میں تبصرہ کیا ہے۔

اعظم خان نے اپنے ٹوئٹ میں ایک میم شیئر کرتے ہوئے اپنے جذبات کا اظہار کیا،انہوں نے میمز کی ایک پرانی وائرل تصویر شیئر کی ہے، جس پر لکھا ہوا ہے ’میری سلیکشن ہوگئی ہے۔‘ انہوں نے تحریر کیا کہ اس وقت میری کیفیت بھی ایسی ہے۔

چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی نے کہا کہ افغانستان کے دورے میں  شاداب خان قومی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔

چیف سلیکٹر ہارون رشید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ افغانستان سیریز کے لیے نئے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔

شاداب خان (کپتان)، عبد اللّٰہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف، احسان اللّٰہ، عماد وسیم، محمد حارث، افتخار احمد، محمد نواز، وسیم جونیئر، نسیم شاہ، صائم ایوب، شان مسعود، طیب طاہر اور زمان خان اسکواڈ میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ ابرار احمد، حسیب اللّٰہ اور اسامہ میر کو ریزرو کھلاڑیوں میں رکھا گیا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.