بدھ 19؍جمادی الاول 1444ھ 14؍دسمبر 2022ء

دورۂ آسٹریلیا اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلئے پاکستان ویمن ٹیم کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور دورۂ آسٹریلیا کے لیے پاکستان ویمن ٹیم کا اعلان کر دیا گیا۔

پاکستان کی 15 رکنی ویمن ٹیم میں فاسٹ بولر ڈیانا بیگ کی واپسی ہوئی ہے اس کے علاوہ طوبیٰ حسن اور سعدیہ اقبال بھی انجریز سے چھٹکارا پانے کے بعد ٹیم میں آ گئی ہیں۔

پاکستان ویمن ٹیم جنوری میں آسٹریلیا میں وائٹ بال سیریز کھیلے گی جبکہ آئی سی سی ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 10 سے 26 فروری تک جنوبی افریقا میں ہو گا۔

بسمہ معروف پاکستان ویمن ٹیم کی دونوں اسائنمنٹس میں قیادت کریں گی۔

دورۂ آسٹریلیا میں ون ڈے سیریز کے لیے کپتان بسمہ معروف، عالیہ ریاض، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، غلام فاطمہ، کائنات امتیاز، منیبہ علی، نشرح سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین اور سدرہ نواز ٹیم میں شامل ہیں جبکہ ٹریولنگ ریزروز میں ایمن انور، جویریہ خان اور طوبیٰ حسن کو رکھا گیا ہے۔

ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں کپتان بسمہ معروف، ایمن انور، عالیہ ریاض، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، نشرح سندھو، سعدیہ اقبال، سدرہ ا مین، سدرہ نواز اور طوبیٰ حسن شامل ہیں جبکہ ریزروز میں غلام فاطمہ، کائنات امتیاز اور صدف شمس شامل ہیں۔

سلیم جعفر قائم مقام ہیڈ کوچ اور بولنگ کوچ جبکہ توفیق عمر بیٹنگ کوچ ہوں گے۔

چیف سلیکٹر اسماویہ اقبال کا کہنا ہے کہ بہترین ٹیموں کا انتخاب کرنے کی کوشش کی، تمام کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈیانا بیگ، طوبیٰ حسن اور سعدیہ اقبال کی واپسی سے کمبی نیشن بہتر ہوا ہے۔

دورۂ آسٹریلیا میں پاکستان ویمن ٹیم کے ون ڈے میچز 16، 18 اور 21 جنوری کو کھیلے جائیں گے جبکہ ٹی ٹوئنٹی میچز 24، 26 اور 29 جنوری کو ہوں گے۔

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم 12 فروری کو بھارت کے خلاف میچ کھیلے گی جبکہ 15 کو آئر لینڈ، 19 کو ویسٹ انڈیز اور 21 فروری کو انگلینڈ سے میچ شیڈول ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.