انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نوجوان اسپنر ریحان احمد کے والد نعیم احمد نے کہا ہے کہ ان کا دل ہمیشہ پاکستان کے لیے دھڑکتا ہے، ابھی بیٹے کی ٹیم کو سپورٹ کریں گے۔
جنگ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نعیم احمد کا کہنا تھا کہ ریحان کے ڈیبیو پر پوری فیملی بہت خوش ہے، اس موقع پر اپنے جذبان بیان نہیں کرسکتا، مختلف سے احساسات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کل جب بتایا گیا تھا تو ہم میں سے ہر کوئی پُرجوش تھا، رات سو بھی نہیں سکے تھے۔
نعیم احمد کا کہنا تھا کہ میں پاکستان میں پیدا ہوا، یہیں بڑا ہوا، اعزاز کی بات ہے بیٹے کا ڈیبیو یہاں ہوا۔
والد نے بتایا کہ بیٹا ریحان جب 7 سے 8 سال کا تھا اسے تب سے ہی کرکٹ کا شوق تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کبھی کوئی میچ یا ٹریننگ مس ہوجاتی تو بیٹا کافی مایوس ہوتا تھا۔
نعیم احمد نے کہا کہ میں کرکٹ کھیلتا تھا تو یہ میرے ساتھ گراؤنڈ آیا کرتا تھا، بچپن سے کرکٹ کا شوق تھا، جو میچ دیکھتا تھا اس کو یاد رکھتا تھا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ معین علی، عادل رشید سمیت انگلینڈ کے تمام کھلاڑی کافی سپورٹ کر رہے ہیں، خواہش ہے کہ ریحان کے دو بھائی بھی انٹرنیشنل کرکٹ کھیلیں۔
نعیم احمد کا کہنا تھا کہ ریحان کو پاکستان کی کرکٹ ہمیشہ پسند تھی، جب بھی یہاں آتا تھا تو کھیلتا تھا۔
جب ان سے سوال کیا گیا کہ وہ کس ٹیم کو سپورٹ کر رہے ہیں تو اس پر انہوں نے جواب دیا کہ دل تو پاکستان کے لیے ہمیشہ ڈھڑکتا ہے لیکن سپورٹ تو بیٹے کی ٹیم کو کریں گے۔
Comments are closed.