خیبر پختونخوا کے اسپتالوں میں کورونا مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے کے باعث ڈیڑھ ہفتے میں خیبرپختونخوا کے 8 بڑے اسپتالوں میں آکسیجن کا استعمال 83 فیصد بڑھ گیا۔
رپورٹ کے مطابق 8 بڑے اسپتالوں میں آکیسجن کا یومیہ استعمال 40 ہزار لیٹر سے بڑھ کر 72 ہزار 500 لیٹر تک پہنچ گیا، لیڈی ریڈنگ اسپتال میں آکسیجن کی یومیہ ضرورت میں 66 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق خیبر ٹیچنگ اسپتال میں یومیہ آکسیجن استعمال 6 ہزار لیٹر سے بڑھ کر 7 ہزار 500 لیٹر ہوگیا، مردان میڈیکل کمپلیکس میں گزشتہ 12 دنوں میں آکسیجن کے استعمال میں 23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایوب ٹیچنگ اسپتال ایبٹ آباد میں آکسیجن کا استعمال 66 فیصد بڑھ گیا، خلیفہ گلنواز ٹیچنگ اسپتال بنوں میں آکسیجن کے استعمال میں 89 فیصد اضافہ ہوا۔
سیکریٹری صحت خیبرپختونخوا امتیاز حسین شاہ نے جیونیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ صوبےمیں آکسیجن کی کوئی کمی نہیں، خدشہ ہے سندھ میں کورونا وائرس کے بڑھنے سے پنجاب سے خیبرپختونخوا کو آکسیجن سپلائی کم نہ ہوجائے۔
امتیاز شاہ نے کہا کہ سندھ کے پلانٹس پنجاب کو بھی آکسیجن فراہم کر رہے ہیں، صوبے میں اپنا آکسیجن پلانٹ لگانے کیلئے کام شروع کردیا ہے۔
سیکریڑی صحت نے کہا کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 8 ہزار لیٹرکا نیا گیس ٹینک لگایا جارہا ہے، جبکہ چارسدہ ،مردان ،نوشہرہ سمیت مختلف اضلاع میں گیس اسٹوریج میں بتدریج اضافہ کررہے ہیں۔
Comments are closed.