بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

خیبر پختونخوا: وزرا کی تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات سے متعلق ترمیمی بل منظور

خیبر پختونخوا اسمبلی نے وزرا کی تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات سے متعلق ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔

وزیر محنت خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے بل ایوان میں پیش کیا۔

بل کے تحت اب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی طرح دیگر وزرا اور سرکاری ملازمین کو بھی سرکاری خرچ پر ہیلی کاپٹر یا جہاز استعمال کر سکیں گے۔

قانون میں ترمیم سے قبل صرف وزیراعلیٰ کو سرکاری ہیلی کاپٹر استعمال کرنے کی اجازت حاصل تھی۔

اپوزیشن اراکین سردارحسین بابک، اختیار ولی و دیگر اراکین نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ ہیلی کاپٹر کو رکشے کی طرح استعمال کرتے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب ایوان میں اکثریت کی بنیاد پر بل پاس کرکے دیگر وزرا اور سرکاری اہلکاروں کو بھی ہیلی کاپٹروں میں گھومنے کا اختیار دیا گیا۔

خیبر پختونخوا اسمبلی اجلاس کے دوران صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے منسٹرز الاؤنسز و سیلری بل ایوان میں پیش کیا۔

ایوان نے وزرا کی تنخواہوں، الاؤنسز اور مراعات سے متعلق ترمیمی بل کی منظوری دے دی۔

سرکاری خرچ پر ہیلی کاپٹر کے ساتھ ہوائی جہاز کے استعمال کی بھی اجازت ہوگی، بل کے تحت وزیراعلیٰ ہوائی جہاز یا ہیلی کاپٹر کرایہ پر بھی لے سکیں گے ۔

بل پاس ہونے پر صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی نے کہا کہ منسٹرز الاؤنسز و سیلری بل پاس ہونےکا مقصد وزراء کی تنخواہیں بڑھانا نہیں بلکہ سرکاری اہلکاروں کو وزیراعلیٰ کی اجازت سے ہیلی کاپٹر و جہاز میں جانے کی اجازت دینا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.