بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ہیلز کی ففٹی، انگلینڈ پہلے ٹی ٹوئنٹی میں باآسانی 6 وکٹوں سے کامیاب

انگلینڈ نے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان کو باآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 

پاکستان کی جانب سے دیا گیا 159 رنز کا ہدف انگلینڈ نے آخری اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستانی بولرز انگلش بلے بازوں کو دباؤ میں لانے میں ناکام رہے، الیکس ہیلز نے نصف سنچری بنا کر انگلینڈ ٹیم میں اپنی اہمیت کو ایک مرتبہ پھر اجاگر کردیا۔ 

انہوں نے پہلے 53 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 

ان کے علاوہ ہیری بروکس 41 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں بین ڈکِٹ 21، ڈاؤڈ ملان 20 اور فل سالٹ 10 رنز بناسکے۔

پاکستان کی جانب سے لیگ اسپنر عثمان قادر 2 وکٹیں لے کر بہترین بولر رہے، ان کے علاوہ ایک وکٹ شاہنواز دہانی اور ایک حارث رؤف نے لی۔ 

نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی تھی۔ 

کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا اور چھٹے اوور میں ہی ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرلی تھی۔

پاکستان ٹیم کو دسویں اوور میں بابر اعظم کی صورت میں پہلا نقصان اٹھانا پڑا۔ قومی ٹیم کے کپتان 85 کے مجموعے پر 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 

کریز پر موجود محمد رضوان نے حیدر علی کے ساتھ ٹیم کا اسکور 109 تک پہنچایا جہاں حیدر 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ 

انگلش بولرز کا نپی تلی گیند بازی کا سلسلہ جاری رہا، محمد رضوان 117 کے اسکور پر معین علی کی گیند پر اسٹمپ ہوگئے، انہوں نے 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

ڈیبیو کرنے والے شان مسعود صرف 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ محمد نواز نے 4، خوشدل شاہ نے 5، نسیم شاہ اور عثمان قادر کوئی رن نہ بناسکے۔ 

مڈل آرڈر بیٹسمین افتخار احمد نے 17 گیندوں پر 28 رنز کی اننگز کھیل کر قومی ٹیم کو 159 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ 

خیال رہے کہ سیریز کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جوز بٹلر کی جگہ معین علی انگلینڈ ٹیم کی کپتانی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم 17 سال بعد پاکستان کا دورہ کر رہی ہے جہاں وہ اپنے دورے کے پہلے مرحلے میں 7 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ 

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے معین علی کا کہنا تھا کہ 17 سال بعد پاکستان آ کر کھیلنا خوش آئند ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیم میں کچھ نئے لڑکے ہیں، ایلکس ہیلز تین سال بعد واپس آئے ہیں۔ 

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ قریب ہے، یہ سیریز ہمارے لیے بہت اہم ہے۔

بابر اعظم نے بتایا کہ آج شان مسعود اپنا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کا ڈیبیو کرنے جارہے ہیں۔

پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، حیدر علی، شان مسعود، افتخار احمد، خوشدل شاہ، محمد نواز، عثمان قادر، حارث رؤف، نسیم شاہ اور شاہنواز دہانی پر مشتمل ہے۔ 

انگلش ٹیم کی قیادت معین علی کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فل سالٹ، الیکس ہیلز، ڈاوڈ ملان، بین ڈکیٹ، ہیری بروکس، سین کرن، ڈیوڈ وِلی، عادل رشید، لوک ووڈ اور ریچرڈ گلیسن شامل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.