سندھ نے نیشنل ٹی ٹوئنٹی چیمپئن شپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل مقابلے میں خیبرپختونخوا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
دفاعی چیمپئن ٹیم آخری اوور میں 140 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔
سندھ کی جانب سے 4 وکٹیں لینے والے سہیل خان نے اپنی ٹیم کو پہلا ٹائٹل جتوانے کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے 4 اوورز میں 18 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ میر حمزہ اور آصف محمود 2، 2 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
خیبرپختونخوا کی جانب سے ریحان آفریدی 43 اور محمد سرور 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
آسان ہدف کے تعاقب میں سندھ کے اوپنرز شرجیل خان اور صائم ایوب نے جارحانہ کھیل پیش کیا اور خیبرپختونخوا کو بیک فٹ پر دھکیل دیا۔
شرجیل خان نے 53 اور صائم ایوب نے 36 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان سعود شکیل 18 اور عمر یوسف 21 رنز کے ساتھ ناقابلِ شکست رہے۔
سندھ نے 15ویں اوور کی چوتھی گیند پر ہدف حاصل کرکے پہلی مرتبہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
سندھ کے سہیل خان کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
Comments are closed.