بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی متواتر خلاف ورزی کا نوٹس لے لیا

الیکشن کمیشن نے وزیراعلیٰ سمیت خیبرپختونخوا کے کابینہ ارکان کی ضابطہ اخلاق کی متواتر خلاف ورزیوں کا نوٹس لے لیا۔

الیکشن کمیشن اجلاس میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت الیکشن کی معاونت پر تیا ر نہ ہو ئی تو صوبے میں ضمنی انتخابا ت ملتوی کرنے پر مجبور ہوں گے۔

اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، صوبائی وزراء اور مشیروں کی ضابطہ اخلاق کی متواتر خلاف ورزی کا نوٹس لیا گیا۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ممبران ای سی پی کے ساتھ سیکریٹری الیکشن کمیشن، چیف سیکریٹری اور ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے بھی شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر نے سرکاری مشینری اور ہیلی کاپٹر کے استعمال کا سخت نوٹس لیا اور چیف سیکریٹری اور ایڈووکیٹ جنرل کو ہدایت کی کہ اپنی حکومت کو بتائیں کہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری برداشت نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن یقینی بنائے گا کہ الیکشن میں تمام سیاسی پارٹیوں اور امیدواروں کو یکساں مواقع ملیں۔

چیف سیکریٹری نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین، قانون، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر فوری قانونی کارروائی کرے گا۔

الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ اپنی گورنمنٹ کو قانون کی پاسداری یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کا پیغا م پہنچائیں۔

اجلاس میں کہا گیا کہ بطور چیف سیکرٹری آپ بھی صوبہ میں پر امن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے پابند ہیں، ضمنی انتخابات کے پرُ امن انعقاد کے لیے تمام اقدامات یقینی بنائیں۔

اجلاس میں کہا گیا کہ سرکاری وسائل، ہیلی کاپٹر کے استعمال اور ضابطہ اخلاق کیس کی سماعت الیکشن کمیشن میں ہوگی، اس سلسلے میں ضروری نوٹس جاری کیے جائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.