پنجاب کے ضلع خوشاب کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 84 کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں ووٹنگ کا عمل جاری ہے۔
ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹرز کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، خوشاب کے علاقے جوڑاں کلاں کا رہائشی ایک ٹانگ سے معذور رحیم بخش بھی ووٹ ڈالنے پہنچا جس نے ووٹ کاسٹ کر دیا۔
رحیم بخش کا کہنا تھا کہ ووٹ کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے یہ فرض ادا کرنے آیا ہوں۔
خواتین کے پولنگ اسٹیشن نمبر 211 پر رش ہونے کی وجہ سے کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
مذکورہ پولنگ اسٹیشن پر خواتین کی جانب سے سماجی فاصلے کا خیال نہیں رکھا جا رہا۔
الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے ووٹرز سے ووٹ ڈالنے آنے کی اپیل کر دی۔
الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان کا کہنا ہے کہ ووٹرز بلا خوف و خطر پولنگ اسٹیشنز میں ووٹ ڈالنے آئیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ حلقے میں پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیئے گئے ہیں۔
الیکشن کمشنر پنجاب غلام اسرار خان نے یہ ہدایت بھی کی کہ ووٹرز کورونا وائرس کی ایس او پیز کی مکمل پابندی کریں۔
مٹھہ ٹوانہ بوائز ہائی اسکول میں ایک بزرگ ووٹرز روایتی انداز میں سر پر پگڑی، پاؤں میں کھسہ اور دھوتی پہن کر ووٹ ڈالنے کے لیے پہنچ گئے۔
کئی پولنگ اسٹیشنوں پر کافی گہما گہمی دیکھنے میں آ رہی ہے، نوجوان، بزرگ اور خواتین ووٹرز اپنے گھروں سے نکل کر پولنگ اسٹیشنز کا رخ کر رہے ہیں۔
ضمنی انتخاب میں الیکشن کمیشن کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔
صبح 8 بجے شروع ہونے والی ووٹنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
الیکشن کی مانیٹرنگ کے لیے 10 ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو انتخابی نتائج جاری ہونے تک فرائض سر انجام دیتی رہیں گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مسلم لیگ نون کے رکن ملک وارث کلو کے انتقال سے خالی ہونے والی نشست پر 8 امیدواروں کے درمیان الیکشن ہو رہا ہے۔
پی ٹی آئی کے علی حسین خان، نون لیگ کے ملک معظم کلو اور پیپلز پارٹی کے غلام حبیب احمد میدان میں ہیں۔
حلقے میں 229 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 13 کو انتہائی حساس جبکہ 43 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
پی پی 84 میں 2 لاکھ 92 ہزار 687 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جن میں سے مرد ووٹرز 1 لاکھ 55 ہزار 104 جبکہ خواتین ووٹرز 1 لاکھ 37 ہزار 583 ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق امن و امان قائم رکھنے کیلئے 540 رینجرز اور 2 ہزار 800 پولیس اہلکار تعینات کیئے گئے ہیں۔
حساس پولنگ اسٹیشنوں کی مانیٹرنگ سی سی ٹی وی کیمروں سے کی جا رہی ہے۔
Comments are closed.