الیکشن ایپلٹ ٹریبونل اسلام آباد نے خواجہ سرا امیدوار کے کاغذات منظوری کے خلاف اپیل پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔
الیکشن ایپلٹ ٹریبونل نے ریٹرننگ افسر اور خواجہ سرا امیدوار نایاب علی کو نوٹسز جاری کیے ہیں۔
اپیل کنندہ کے وکیل نے کہا کہ نایاب علی کے کاغذات اسکروٹنی کے مرحلے میں تھے جب اعتراضات اٹھائے، آر او نے اعتراضات مسترد کر کے کاغذات منظور کیے، اس لیے الیکشن ٹریبونل آئے۔
وکیل نے کہا کہ نایاب علی کے شناختی کارڈ پر جنس کے خانے میں مرد یا عورت کے بجائے ایکس لکھا ہے، نادرا نے عدالتی احکامات کی روشنی میں خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈز معطل کر رکھے ہیں۔
اپیل میں کہا گیا کہ نایاب علی نے اپنی جنس سے متعلق معلومات چھپائیں جسے فیڈرل شریعت کورٹ نے مرد ڈکلیئر کیا، امیدوار برائے قومی اسمبلی نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت ذرائع آمدن بھی نہیں بتائے۔
اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد کے حلقہ این اے 46 اور 47 کے لیے جمع کاغذات مسترد کیے جائیں۔
الیکشن ٹریبونل نے فریقین کو نوٹس جاری کر کے پیر تک جواب طلب کر لیا۔
Comments are closed.