جمعرات 16؍شعبان المعظم 1444ھ9؍مارچ 2023ء

خواتین کرکٹ لیگ سے پاکستان ویمن کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا، ڈینی ویاٹ

انگلینڈ کی تجربہ کار خاتون کرکٹر ڈینی ویاٹ نے کہا ہے کہ خواتین کرکٹ لیگ کے آغاز سے پاکستان ویمن کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا۔

جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈینی کا کہنا تھا کہ نوجوان کرکٹرز کے لیے ہم جیسے تجربہ کار پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرنا اہم ہے۔

انگلش کرکٹر نے کہا کہ پاکستان کے ٹیلنٹ نے مجھے ہمیشہ کافی متاثر کیا ہے۔ 

انہوں نے منیبہ علی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ منیبہ کافی باصلاحیت پلیئر ہیں، وہ کافی آگے جائیں گی۔

ڈینی ویاٹ کا کہنا تھا کہ امید ہے پاکستان میں اسٹار کرکٹرز کو کھیلتا دیکھ کر مزید لڑکیاں اس کھیل میں آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے دیگر لیگز کھیلنے کا موقع ملا جس سے میرا کھیل کافی بہتر ہوا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ زندگی میں آپ ہر موقع پر سیکھتے ہیں، کرکٹ میں بھی ایسا ہی ہے۔ دنیا بھر میں ویمن کرکٹ لیگز کا انعقاد خواتین کرکٹرز کےلیے بہت اہم ہے۔

ڈینی ویاٹ نے کہا کہ پاکستان کیخلاف بہت کرکٹ کھیلی ہے۔ پاکستانی پلیئرز میں ٹیلنٹ ہے، اچھے مقابلے کی کمی ہے جو لیگ سے دور ہوجائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بولنگ پاکستان کی ہمیشہ اچھی تھی، بیٹنگ پہلے کمزور تھی، اب منیبہ اچھا کھیل رہی ہیں۔ امید ہے ویمن کرکٹ لیگ سے پاکستان کو مزید بیٹنگ ٹیلنٹ بھی ملے گا۔

ڈینی ویاٹ نے کہا کہ خواتین کرکٹرز کا کھیل بہتر ہوگا تو اس میں پیسہ بھی آجائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.