مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کہتی ہیں کہ خادمہ جی پوری قوم نے این اے 75 میں آپ کا فساد شو دیکھ لیا۔
یہ بات مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی فردوس عاشق اعوان کے بیان پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈسکہ، وزیر آباد اور نوشہرہ کے غیور عوام نے جعلی تبدیلی کا جنازہ نکال دیا ہے، پہلے محکمۂ زراعت بندے اغواء کرتا تھا، اب اسپیشل برانچ یہ کارنامے انجام دے رہی ہے۔
ترجمان نون لیگ نے کہا کہ ریاست کے ملازموں کو فردِ واحد کی غلامی کرتے شرم آنی چاہیئے، عمران نیازی اب ریٹرننگ افسروں کو اغواء کر کے مسلم لیگ نون کا مینڈیٹ چور کرنا چاہتے ہیں۔
عظمیٰ بخاری کا مزید کہنا ہے کہ خادمہ صاحبہ آپ کو 3 سیٹوں پر شکست کے بعد چلو بھر پانی میں ڈوب مرنا چاہیئے، عثمان ڈار اور فردوس عاشق سیالکوٹ کے لوگوں کی نفرت آپ لوگوں کو لے ڈوبی، لوگوں کے بچوں کو قتل کروا کے بھی آپ ذلت آمیز شکست سے نہیں بچ سکیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسجد ملہی کی شکست میں عثمان ڈار اور فردوس عاشق کا اہم رول رہا ہے، یہ دونوں تمام تر ریاستی دہشت گردی کے باوجود ملہی کو نہیں جتوا سکے، جنرل الیکشن سے قبل بھی پی ٹی آئی کا حشر کنگز پارٹی جیسا ہو گا۔
Comments are closed.