مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سے مخاطب ہو کر کہتی ہیں کہ خادمہ جی! اپنے ایمپائر کھڑے کر کے میچ کھیلنے کا وقت گزر چکا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کے بیان پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ نون پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ کرکٹ کی دنیا کا سب سے بڑا میچ فکسر اب حکومت بھی اپنے ایمپائر کھڑے کر کے بچانا چاہتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عظمت سعید کس کا بندہ ہے؟ کہاں سے آیا؟ دنیا یہ حقیقت جان چکی ہے، عظمت سعید عزت کے ساتھ اس فراڈ شیٹ کمیشن سے الگ ہو جائیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے اس صادق اور امین حکومت کا پول کھول دیا، پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہو گیا، کوئی شرم، کوئی حیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ نالائقِ اعظم کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے اس کے منشی اور خادمہ ہی کافی ہیں، ایمپائر کی انگلی پر ناچنے والا شخص آج بھی سلیکٹڈ ایمپائر کی تلاش میں ہے۔
ترجمان نون لیگ پنجاب عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ فراڈ شیٹ کی تحقیقات وہ لوگ کریں گے جنہوں نے قوم کے 1 ارب ڈبو دیئے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم ’دودھ کی رکھوالی پر بلے‘ کو نہیں بِٹھا سکتے، قومی خزانے سے بہت ’مکھن، ملائی اور تکے، بوٹی‘ کھا لیئے اب لوہے کے چنے چبانے کا وقت آ گیا ہے۔
Comments are closed.