جمعہ27؍جمادی الثانی 1444ھ20؍جنوری 2023ء

حیدرآباد میں فائرنگ، سندھ یونیورسٹی کی بس کا ڈرائیور جاں بحق، واقعہ اونر کلنگ قرار

حیدرآباد میں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے سندھ یونیورسٹی کی بس کا ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس حیدرآباد امجد شیخ کے مطابق سٹی گیٹ کے قریب موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان نے سندھ یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کو پک اینڈ ڈراپ کی سہولت فراہم کرنے والی بس کے ڈرائیور 50 سالہ غلام علی ولد محمد مٹھل کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

امجد شیخ کے مطابق واقعہ بس پر فائرنگ کا نہیں، ڈرائیور بس کو روک کر ہوٹل پر پانی پینے کے لیے نیچے اترا تو ملزمان نے گولیاں ماریں جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔

امجد شیخ کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ واقعہ خاندانی تنازع اور غیرت پر قتل کا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے کوششیں شروع کردی گئی ہیں۔

واقعے کے خلاف سندھ یونیورسٹی کی بسوں کے ڈرائیوروں نے احتجاج بھی کیا تاہم پولیس نے صورت حال سے آگاہی دلا کر معاملہ ختم کرا دیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.