بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

حکومت کی اولین ترجیح کم آمدنی والوں کی مدد کرنا ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بدقسمتی سے کم آمدن والوں کو کسی حکومت نے سہولت نہیں دی، جس کے باعث غریب کیلئے اپنا گھر بنانا مشکل ہوا، ہماری حکومت کی اولین ترجیح کم آمدنی والے افراد کی مدد کرنا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں کم آمدنی والے افراد کیلئے بنائے جانے والے گھروں کی سائٹ کا دورہ کیا، فراش ٹاؤن اپارٹمنٹس میں دورے کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ فراش ٹاؤن میں 670 کنال پر 4 ہزار 400 اپار ٹمنٹس تعمیر ہورہے ہیں، جس میں 2 ہزار اپارٹمنٹس نیا پاکستان ہاؤسنگ میں اندراج شدہ کم آمدنی والے افراد کے لیے ہوں گے، 400 اپارٹمنٹس کچی آبادی والوں کے لیے اور 2 ہزار اپارٹمنٹس متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے مختص کیے گئے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کم آمدنی والوں کی مدد کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، بدقسمتی سے کسی حکومت نے بھی کم آمدن والے افراد کی مدد نہیں کی، نہ ہی بینکوں سے گھروں کی تعمیر کے لیے قرضوں کے حصول پر کبھی توجہ دی گئی، پیسے والے افراد تو بآسانی گھر تعمیر کرسکتے ہیں متوسط اور غریب طبقے کے لیے اپنا گھر بنانا انتہائی مشکل تھا،

انہوں نے کہا کہ ہم نے تعمیراتی شعبے کو 90 فیصد ٹیکس کی چھوٹ دی، پہلے ایک لاکھ گھروں کے لیے حکومت 3 لاکھ روپے کی سبسڈی دے رہی ہے، جس سے لوگوں کو قرضوں کی ادائیگی کی قسط دینے میں مدد ملے گی، فیصلہ کیا کہ کم آمدن والے طبقے کو گھر بنانے کے لیے ابتدائی 5 سال میں 5 فیصد شرح سود پر سبسڈی فراہم کی جائے گی، کوشش ہے جتنا کرایہ ہو اتنی ہی قسط بنے۔

انہوں نے کہا کہ بینکوں کو گھروں کی تعمیر کے لیے 2 کھرب 26 ارب روپے قرض کی 61 ہزار درخواستیں موصول ہوچکی ہیں جس میں 90 ارب روپے کا قرضہ منظور کیا جاچکا ہے۔

You might also like

Comments are closed.