پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کی جیب پر ڈاکا مارا ہے، عمران خان کو مہنگائی بم گراتے وقت حیانہیں آتی۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور مہنگائی پر حمزہ شہباز نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں 4 روپےاضافہ کردیا گیا ہے، عوام دشمن حکومت نے عوام کی جیب پر ڈاکا مارا ہے، 30 دن میں پٹرول کی قیمت میں 9 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں بھی 2 روپےکا اضافہ کیا گیا ہے، مہنگائی کا جو نیا سیلاب آئے گا اس سے نمٹنےکی حکومتی پالیسی کا کسی کو پتا بھی ہے؟ عوام دشمن حکومت 16سو ڈالرکی فی کس آمدنی 11 سو ڈالر پر لے آئی۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر بھی 343 روپے مہنگا کردیا گیا ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 172 روپے کا ہو گیا ہے، اناڑی، نااہل اور کرپٹ حکومت کا یوم احتساب بہت بھیانک ہوگا۔
Comments are closed.