بدھ 5؍شوال المکرم 1444ھ26؍اپریل 2023ء

حکومت ایک تاریخ پر نہیں، اپنی مرضی کی تاریخ پر الیکشن چاہتی ہے، پرویز الہٰی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی صدر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ حکومت ایک تاریخ پر نہیں، اپنی مرضی کی تاریخ پر الیکشن چاہتی ہے۔

لاہور میں پرویز الہٰی سے مختلف سیاسی شخصیات نے ملاقات کی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرویز الہٰی نے کہا کہ پاکستانی معیشت اور سیاست بچانے کے لیے دلیرانہ فیصلے کرنا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اور معزز ججوں پر الزم تراشی ن لیگ کا وتیرہ ہے، شہباز شریف الیکشن سے فرار کی تلاش میں ہیں۔

چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم جماعتوں کی اکثریت بھی الیکشن کے حق میں ہے، الیکشن کے سوا خوشحالی کا اور کوئی رستہ نہیں۔

پی ٹی آئی کے صدر نے کہا کہ مذاکرات پر حکومت کی بدنیتی اور غیرسنجیدگی مکمل طور پر آشکار ہو چکی، مذاکرات کے بجائےحکومت فون ٹیپ کرنے پر لگی ہوئی ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ بلیک میلنگ سے حکومت عدلیہ سے مرضی کا فیصلہ حاصل نہیں کرسکتی، پنجاب میں ن لیگ کی انتخابی پوزیشن صفر ہے۔

پرویز الہٰی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے خلاف سازشیں نواز شریف کر رہے ہیں، وہ اپنی واپسی کی راہ میں سپریم کورٹ کو رکاوٹ سمجھتے ہیں، نواز شریف کی حکومتی بل کے ذریعے سپریم کورٹ کو غیر مؤثر کرنے کی سازش ناکام ہو چکی۔

ان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن بھی نواز شریف کے اشارے پر سپریم کورٹ کے خلاف شعلے اگل رہے ہیں، پی ڈی ایم نواز شریف اور فضل الرحمن کے ہاتھوں یرغمال بن چکی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں موجود ہی نہیں، پنجاب میں الیکشن پر آصف زرداری یا بلاول کی حمایت یا مخالفت سے فرق نہیں پڑتا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.