پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومتی اتحادی عوام اور ملک پر ظلم میں حکومت کا ساتھ نہ دیں، ظلم میں شامل ہوئے تو شریک جرم کہلائیں گے۔
انہوں نے وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ منی بجٹ منظور نہیں، اپوزیشن بھی ہمت سے کام لے کلمہ حق کہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس عقل، سنجیدگی، درست معاشی پالیسی اور ٹیم نہیں جس کی اس وقت پاکستان کو اشد ضرورت ہے۔
دو دن قبل بھی لاہور میں ایک تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے حکومت کے خلاف سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکمرانوں کے گریبان پر ہاتھ ڈالنے کا وقت آگیا، تختیوں سے بات نہیں چلے گی، حکمرانوں کا دھڑن تختہ ہونے والا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام تیاری کریں، لنگوٹیں کسیں، اگر حکومت سے فوری جان نہ چھڑائی تو خاکم بہ دہن پاکستان کا خدا ہی حافظ ہے۔
(ن) لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین برس میں معیشت کا جنازہ نکل چکا ہے، عمران نیازی اور حکومت نے اسپتالوں کا جنازہ نکال دیا ہے، پچاس لاکھ گھر تو دور کی بات ایک اینٹ تک نہیں رکھی گئی۔
Comments are closed.