وزیرِ توانائی سندھ امتیاز شیخ نے توانائی کے بحران پر وفاقی وزیر حماد اظہر سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔
جاری کیئے گئے ایک بیان میں امتیاز شیخ کا کہنا ہے کہ 3 وفاقی وزراء کی تبدیلی اور 4 معاونینِ خصوصی کے مستعفی ہونے کے باوجود توانائی کا بحران مزید شدت اختیار کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیپرا کی رپورٹ موجودہ حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے، جس کے مطابق ایل این جی کے دیر سے سودے ہونے کی وجہ سے قوم کو مہنگی بجلی کا خمیازہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔
وزیرِ توانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا ہے کہ حکومت فرنس آئل سے بجلی بنا کر اپنے اے ٹی ایم کی جیبوں کو بھر رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ نیپرا نے اپنی رپورٹ میں واضح کر دیا ہے کہ حکومت ایل این جی کے بجائے فرنس آئل سے مہنگی بجلی بنا رہی ہے۔
امتیاز شیخ نے مزید کہا ہے کہ وفاقی وزیر اپنی نا اہلی اور ناکامی کا اعتراف کرنے کے بجائے نیپرا کی رپورٹ کو مسترد کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسلسل غلط فیصلوں کی وجہ سے گرمیوں میں گیس اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عذاب قوم کو بھگتنا پڑا، سردیوں میں گیس کا بحران مزید شدت اختیار کر جائے گا۔
Comments are closed.